شہباز شریف کو علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کو علاج کی غرض سے بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی بیرونِ ملک روانگی ملتوی ہو گئی۔ حکام نے تحریری طور پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف کوعدالتی احکامات کے خلاف کیے گئے سرکاری فیصلے سے آگاہ کردیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شہباز شریف کے خلاف جاری تحقیقات کے باعث انہیں بیرونِ ملک روانگی کی اجازت نہیں دی۔ شہباز شریف کو نجی ائیر لائن سے آف لوڈ کردیا گیا ہے جس پر ن لیگی رہنماؤں کا شدید ردِ عمل سامنے آگیا۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایف آئی اے عمران خان کے حکم پر توہینِ عدالت کر رہی ہے۔ایف آئی اے کا سسٹم اپ ڈیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے سے روکنا بدنیتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو بیرونِ ملک جانے سے روکنے کے معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے جس کیلئے وکلاء سے مشاورت جاری ہے۔ مریم اورنگزیب کے علاوہ دیگر ن لیگی رہنماؤں نے بھی حکومتی اقدام کی سخت مذمت کی۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز جاری پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ہے۔

مزید پڑھیں: فواد نے شہباز کو باہر جانے کی اجازت کو قانون کے ساتھ مذاق قرار دے دیا