وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول اب انتہائی آسان اور سستا ہو گیا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عوام کو بڑی ریلیف دیتے ہوئے لائسنس کے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کروا دی ہیں جن کے تحت اضافی یا ارجنٹ فیس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
ارجنٹ فیس کا خاتمہ، اب سب کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت
نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اب شہریوں کو جلدی لائسنس حاصل کرنے کے لیے کوئی بھی اضافی یا ارجنٹ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تمام شہریوں کو اب معمولی ریگولر فیس کے اندر ہی ترجیحی بنیادوں پر لائسنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تیاری کا دورانیہ صرف تین دن
پولیس حکام کے مطابق لائسنس کی تیاری کا وقت دو ہفتوں سے کم کر کے محض تین دن کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اب شہریوں کے لیے یہ سہولت بھی رکھی گئی ہے کہ وہ فارم پر اپنا گھر کا پتہ درج کر کے لائسنس براہِ راست اپنے گھر پر وصول کر سکتے ہیں۔
آئی ٹی پی دفتر کا صرف ایک چکر
شہریوں کے قیمتی وقت کو بچانے کے لیے طریقہ کار کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے۔ اب لائسنس کے خواہشمند افراد کو اسلام آباد ٹریفک پولیس کے دفتر صرف ایک بار جانا ہوگا۔ اسی ایک وزٹ میں ان کا میڈیکل ٹیسٹ، فزیکل ٹیسٹ اور تصویر سمیت تمام ضروری مراحل مکمل کر لیے جائیں گے۔
تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس اب صرف ایک گھنٹے میں
صرف نیا لائسنس ہی نہیں بلکہ ٹریفک پولیس نے لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار کو بھی یکسر بدل دیا ہے۔ اب آئی ٹی پی دفاتر یا پولیس فیسیلیٹیشن سینٹرز کا رُخ کرنے والے شہری مقررہ فیس جمع کروا کر محض ایک گھنٹے کے اندر اپنا لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، اور اس عمل کے لیے بھی کسی قسم کی ارجنٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
انتظامی ویژن
آئی جی پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات پر اٹھائے گئے اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کا طویل انتظار ختم کرنا، دفتری پیچیدگیوں کا خاتمہ کرنا اور دارالحکومت کے مکینوں کو جدید ترین سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








