راولپنڈی، گاڑیوں کے نجی شوروم پر ڈاکہ، عوام 3 لاکھ اور 7 موبائل فونز سے محروم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی، گاڑیوں کے نجی شوروم پر ڈاکہ، عوام 3 لاکھ روپے اور 7 موبائل فونز سے محروم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی میں گاڑیوں کے نجی شو روم پر دن کے اوقات میں لوٹ مار کی گئی ہے، ڈاکو عوام سے 3 لاکھ روپے اور 7 موبائل فونز لوٹ کر چلتے بنے۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے مریڑ چوک پر پیش آیا جہاں گاڑیوں کے نجی شو روم پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ ڈاکو 15 سے 20 منٹ تک اطمینان سے لوٹ مار میں مصروف رہے اور جاتے ہوئے اپنے ساتھ 3 لاکھ روپے اور 7 موبائل فونز لے گئے۔

تھانہ سول لائنز کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے متعلق ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین نے بتایا کہ گزشتہ روز ہم شو روم میں موجود تھے۔ دن کے وقت تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر 2 نوجوان ڈاکو شو روم میں جدید اسلحے کے ساتھ داخل ہوئے۔

متاثرین نے کہا کہ ایک ڈاکو نے ہمیں گولی مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ شو روم سے ملحقہ آفس میں چلو۔ ایک ڈاکو باہر پہرہ دیتا رہا جبکہ دوسرے نے ہماری تلاشی لی۔ ہم 1 خاتون سمیت 7 افراد تھے جنہیں لوٹ لیا گیا۔ ڈاکو نے لوٹی گئی رقم اپنی جیب میں ڈال لی۔

ڈاکے کے دوران متاثرین میں سے ایک نے لوٹ مار کی مذمت کی تو ڈاکو نے اسے تھپڑ مارے۔ متاثرین نے کہا کہ صدر راولپنڈی کے مصروف ترین علاقے میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات سمجھ سے بالاتر ہے۔ نجی شوروم کی انتظامیہ اور گاہکوں کو لوٹا گیا۔

اردو زبان بولنے والے ڈاکو انتہائی پیشہ ور لگ رہے تھے جن کے جاتے ہی پولیس کو بلایا گیا۔ پولیس نے خانہ پُری کرکے واپسی کی راہ لی۔ متاثرین نے حکامِ بالا سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تاحال ڈکیتی کی واردات کامقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ 

ڈکیتی کے متاثرین کا کہنا ہے کہ صدر کے علاقے میں سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے، عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس کا موبائل گشت بڑھایا جائے اور ڈولفن اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ ہم اب بھی پریشان اور خوف میں مبتلا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تین تلوار پر نقب زنی کی بڑی واردات، ملزمان 10 کروڑ کا سونا لوٹ کر فرار

Related Posts