دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر! لاہور کی فضا زہریلی ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لاہور میں اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 273 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا۔

رپورٹ کے مطابق شہر میں ہوا 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی سمت میں چل رہی ہے۔ آلودگی پر قابو پانے کے لیے اسموگ گنز چلانے اور سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں۔ لاہور میں 258 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 5 سیل کرکے 10 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح 452 بھٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران 3 مسمار اور 4 سیل کیے گئے، جبکہ 4 بھٹوں کے خلاف مقدمات درج کرکے 7 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

پلاسٹک کے استعمال کے خلاف کارروائی میں 153 مقامات کی انسپیکشن کی گئی، 3 مقامات سیل اور 1,462 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ اس مد میں 65 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد ہوا۔

صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کسانوں سے فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کرنے اور شہریوں سے گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کا دھواں انسانی صحت اور ماحول دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

Related Posts