نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر 2026 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی صارفین سے فی یونٹ 2 روپے 36 پیسے اضافی وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق نومبر کے بجلی بلوں میں ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے منظور کردہ اضافہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹیڈ (سی پی پی اے-جی) کی درخواست کردہ 2 روپے 56پیسے فی یونٹ سے کم ہے۔ ایجنسی نے ستمبر کے لیے فی یونٹ ایندھن کی لاگت 10.0220 روپے ظاہر کرتے ہوئے اضافے کی درخواست دی تھی جبکہ ریفرنس ٹیرف میں یہ لاگت 7.45 روپے مقرر تھی۔
یہ ایڈجسٹمنٹ سابق واپڈا تقسیم کار کمپنیوں اور کے الیکٹرک کے صارفین پر یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت لاگو ہوگی تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ ٹیرف اختیار کرنے والے صارفین مستثنیٰ ہوں گے۔ انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کے تحت استعمال ہونے والی بجلی بھی اس میں شامل ہوگی۔
نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ اضافی رقم نومبر کے بلوں میں الگ ظاہر کی جائے اور اس کا حساب ستمبر میں بل کیے گئے بجلی کے یونٹس کی بنیاد پر لگایا جائے۔ اگر نومبر کے بل پہلے ہی جاری ہوچکے ہوں تو رقم اگلے ماہ وصول کی جاسکے گی۔
29 اکتوبر کو ہونے والی عوامی سماعت میں سی پی پی اے-جی نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی پیداوار ریفرنس تخمینے سے 0.98 فیصد زیادہ رہی۔ اس دوران درآمدی کوئلے سے پیداوار 1.14 ارب سے بڑھ کر 2.16 ارب یونٹس ہوگئی جبکہ اس کی فی یونٹ ایندھن لاگت 11.78 روپے سے بڑھ کر 17.23 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب پن بجلی کی پیداوار 5.05 ارب سے کم ہوکر 4.83 ارب یونٹس اور آر ایل این جی سے پیداوار 1.48 ارب سے گھٹ کر 0.80 ارب یونٹس رہی۔ آر ایل این جی سے بجلی کی فی یونٹ لاگت 39.74 روپے ریکارڈ کی گئی۔
سماعت کے دوران مہنگے ایندھن، درآمدی کوئلے کے استعمال اور ترسیلی نقصانات پر سوالات اٹھائے گئے۔ نیپرا نے جائزے کے بعد ترسیلی نقصانات کی حد 500 اور 220 کے وی نیٹ ورک کے لیے 2.50 فیصد جبکہ پی ایم ایل ٹی سی ایچ وی ڈی سی لائن کے لیے 4.3 فیصد مقرر کی۔
اتھارٹی نے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے آر ایل این جی پاور پلانٹس سے متعلق 10.617 ارب روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ بھی عارضی طور پر منظور کی تاہم سی پی پی اے-جی کو آئندہ درخواست کے ساتھ مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
نیپرا کے مطابق تمام متعلقہ اخراجات اور بجلی کی خریداری کے ذرائع کا جائزہ لینے کے بعد قومی سطح پر فیول ایڈجسٹمنٹ 2.3673 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








