میٹا نے 1 لاکھ 76 ہزار پاکستانیوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کیوں بند کیے؟ حیران کن تفصیل سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میں ری سائیکل موبائل فون نمبرز کے ذریعے چلائے جانے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے جس کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست پر میٹا نے ایک لاکھ 76 ہزار اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق ایسے موبائل نمبرز جو صارفین کی جانب سے استعمال ترک کرنے یا منسوخ ہونے کے بعد دوبارہ کسی دوسرے شخص کو جاری کیے جاتے ہیں، ان پر پہلے سے موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس سائبر فراڈ اور دھوکا دہی کی شکایات کا سبب بن رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل موبائل نمبرز موجود ہیں۔ ان میں سے ایک کروڑ نمبرز کا ڈیٹا پی ٹی اے نے میٹا کے ساتھ شیئر کیا تھا تاکہ ان نمبرز پر فعال واٹس ایپ اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے ضروری کارروائی کی جاسکے۔

ہر ماہ 5 ہزار نمبرز کی تفصیلات میٹا کو بھیجی جائیں گی

پی ٹی اے اور میٹا کے درمیان غیر فعال اور دوبارہ جاری کیے جانے والے نمبرز پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بندش کے لیے طریقہ کار بھی طے کرلیا گیا ہے۔

اس انتظام کے تحت پی ٹی اے ہر ماہ 5 ہزار ری سائیکل موبائل نمبرز کی تفصیلات میٹا کو فراہم کرے گا، جس کے بعد متعلقہ نمبرز پر موجود اکاؤنٹس کی مرحلہ وار جانچ اور بندش کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق گزشتہ سال موصول ہونے والی شکایات میں سے 82 فیصد معاملات میٹا نے حل کیے تھے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد ری سائیکل موبائل نمبرز کے غلط استعمال کی روک تھام اور واٹس ایپ صارفین کو ممکنہ مالیاتی دھوکا دہی اور سائبر فراڈ سے محفوظ بنانا ہے۔

Related Posts