پاکستان میں ربیع الاول 1448ھ کے آغاز سے متعلق ماہرین فلکیات نے پیش گوئی جاری کردی۔ فلکی حسابات کے مطابق صفر المظفر کے 30 ایام مکمل ہونے کے بعد یکم ربیع الاول 1448ھ ہفتہ 15 اگست 2026ء سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق نیا چاند بدھ 12 اگست اور جمعرات 13 اگست 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 36 منٹ پر پیدا ہوگا۔
حسابات کے مطابق 29 صفر المظفر یعنی جمعرات 13 اگست کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 20 گھنٹوں سے زائد ہوگی، تاہم رویت ہلال کے لیے ضروری دیگر شرائط پوری نہ ہونے کے باعث اس روز چاند نظر آنے کا امکان کم ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی میں غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا فرق تقریباً 32 منٹ جبکہ پشاور میں 27 منٹ ہوگا، جو رویت ہلال کے لیے درکار کم از کم وقت سے کم ہے۔
فلکیاتی اندازوں کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پاکستان میں ربیع الاول 1448ھ کا آغاز ہفتہ 15 اگست 2026ء کو ہوگا، جبکہ 12 ربیع الاول یعنی عید میلاد النبی ﷺ 26 اگست 2026ء بروز بدھ کو متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








