ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب کے محکمہ ماحولیات نے صوبے بھر کے تمام مالز اور کمرشل پلازوں میں ایئر پیوریفائر نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر جنرل عمران حمید شیخ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ جیسے شہروں میں خطرناک سطح کی اسموگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد عوام کو اندرونی عوامی مقامات پر صاف ہوا فراہم کرنا ہے۔ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مصروف کاروباری علاقوں میں اس ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور اندرونی ہوا کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ محکمہ ماحولیات نے لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف پولیس اور ضلعی حکام کے ساتھ مل کر ایک بڑے پیمانے پر مہم کا آغاز بھی کیا ہے۔
بس ٹرمینلز پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جہاں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان جاری کیے گئے اور 24 گاڑیوں کو قوانین کی خلاف ورزی پر ضبط کر لیا گیا۔حکام نے مسافر بسوں کے اخراج کا معائنہ کیا اور ماحولیاتی معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔
سیکریٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ماحولیاتی قوانین پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔