لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان کی مخالفت کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی، جس میں انہوں نے استعفیٰ دینے کی پیشکش کردی۔ جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو کام جاری رکھنے کی ہدیت کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں اپنا استعفیٰ وزیراعظم کے روبرو پیش کردیا۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ قبول کرنے سے صاف انکار کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا کہ اگر میرے استعفیٰ سے معاملات حل ہوتے ہیں تو میں استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں، مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا، مجھے کسی عہدے کا لالچ نہیں۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو اہم ٹاسک دیدیا۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھانے کا حکم دیا اور تمام ناراض ممبران اسمبلی سے ملاقات کر کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران کیخلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کرادی