پیرس میں کھیلے جانے والے لیگ ون کے اہم مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین کو رواں سیزن میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں مہمان ٹیم نیس نے تین ایک سے کامیابی حاصل کرکے مداحوں کو حیران کر دیا۔
سابق ایسٹن ولا کے مڈفیلڈر مورگن سانسون نے دو شاندار گول کیے جن میں ایک ناقابل یقین قلابازی سے کیا گیا گول بھی شامل تھا جس نے پارک دے پرانس اسٹیڈیم میں سناٹا طاری کر دیا۔
پیرس کی ٹیم نے میچ کے دوران گیند پر تقریباً 75فیصد قبضہ برقرار رکھا مگر نیس کی ٹیم نے محدود مواقع کو بھرپور انداز میں استعمال کرتے ہوئے تینوں مواقع پر گول داغ دیے۔
میچ کا پہلا گول چونتیسویں منٹ میں اس وقت ہوا جب الجیرین فارورڈ بدرالدین بوادوی نے خوبصورت انداز میں گیند باہر کی جانب سے سانسون کو تھمائی، جنہوں نے پرسکون انداز میں گول کیپر ڈوناروما کو شکست دے دی۔
سات منٹ بعد پیرس نے شاندار موو کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ عثمان ڈیمبیلے کے بلند پاس پر فابین روئز نے پہلا ٹچ لیتے ہوئے خوبصورت گول کیا، جو ان کا سیزن کا چوتھا گول ثابت ہوا۔ فابین اس وقت ٹیم کے ان خاموش مگر مؤثر کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو کوچ لوئس انریکے کے نظام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
پہلا ہاف برابر رہا مگر دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی نیس نے پھر سے سبقت حاصل کر لی۔ صرف بائیس سیکنڈ بعد مورگن سانسون نے زبردست قلابازی کے ساتھ گیند کو جال میں پہنچا کر دوسرا گول داغا۔
یہ ایک شاندار لمحہ تھا، جہاں طاقت، رفتار اور مہارت کا بہترین امتزاج دیکھنے کو ملا۔ یہ کراس جوناتھن کلاوس کی جانب سے آیا تھا، جسے سانسون نے ناقابل یقین انداز میں مکمل کیا۔
پیرس کی ٹیم اس صدمے سے نہ نکل سکی اور کوچ نے متبادل کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا، جن میں بریڈلی بارکولا اور گونزالو راموس شامل تھے لیکن نیس نے نہ صرف حملوں کا مقابلہ کیا بلکہ بیس منٹ قبل ایک اور گول کرکے میچ کو مکمل طور پر اپنے نام کر لیا۔
یہ گول ایک فری کک پر ہوا، جسے بوانانی نے بائیں جانب سے کراس کیا، اور برونڈی کے سینٹر بیک یوسف ندیشیمیے نے خوبصورت ہیڈ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچایا۔
میچ کے اختتام تک نیس نے کامیابی سے برتری برقرار رکھی، اور محض چوبیس فیصد قبضہ، گیارہ بار پنالٹی ایریا میں داخلہ، اور صرف تین شاٹس کے ساتھ پیرس کو اس سیزن کی پہلی شکست سے دوچار کر دیا۔
یہ شکست ایسے وقت پر آئی ہے جب پیرس کی ٹیم کا چیمپئنز لیگ کا سیمی فائنل قریب آ رہا ہے۔ وہ منگل، 29 اپریل کو لندن میں آرسنل کے خلاف پہلے مرحلے کا مقابلہ کھیلیں گے اور واپسی کا میچ بدھ، 7 مئی کو پیرس میں ہوگا۔