گلگت بلتستان کے انتخابات میں پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی تاحال جاری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

by-Election

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

گلگت: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل تاحال جاری ہے،جس کے ساتھ ہی غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث شدید سردی کی صورتحال ہے، لیکن سیاسی گرمی نقطہ عروج پر ہے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک پر امن طریقے سے بلاتعطل جاری رہا۔ سرد موسم میں بھی لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان کے مطابق گلگت بلتستان کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ الیکشن کامیاب ہوا۔ نتائج میں تاخیر ہورہی ہے تاہم سیاسی جماعتوں کے رہنما قبل ازوقت شکوک و شبہات پیدا کررہے ہیں۔مگر ہم مطمئن ہیں کہ الیکشن صاف شفاف طریقے سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج الیکشن کا دن پرامن رہا اور اس سے قبل52 دنوں پر محیط انتخابی مہم بھی پر امن رہی۔ یہ گلگت بلتستان کے تاریخی پُر امن انتخابات تھے۔ چار مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کی۔ انتخابات کے لیے تمام پولنگ اسٹیشن میں انتظامات مکمل تھے۔گلگت بلتستان کی عوام اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کچھ سیاسی سربراہان ٹوئیٹر پر الیکشن کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کر رہے ہیں۔نتائج آنے میں بھی وقت لگے گا۔پریذائڈنگ افسران ضابطے کے مطابق نتائج تیار کریں گے۔تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کردی ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب جی بی اے7 اسکردووون سے گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید مہدی علی شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجا محمد زکریا نے شکست دے دی۔ جی بی اے 7 اسکردو وون کے 30 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے راجا محمد زکریا خان نے 5290 ووٹ حاصل کیے جب کہ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ 4114 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن پر رہے۔

گلگت کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور متوقع فتح یاب امیدواروں کے کارکن جشن منارہے ہیں۔دوسری جانب
پی ٹی آئی اب تک 2 حلقوں میں کامیابی حاصل کرچکی ہے، پیپلز پارٹی کو 1 اور ایم ڈبلیو ایم کو 1 نشست ملی ہے، مسلم لیگ (ن) کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی جبکہ 2 آزاد امیدوار کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

دوسری جانب جی بی 1میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین 1867 ووٹ لے کر آگے رہے، آزاد امیدوار سلطان رئیس 469 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی کے جوہر علی 403 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

جی بی 2کی صورتحال کے حوالے سے پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان 5220 ووٹ لیکر آگے ہیں، پی پی پی کے جمیل احمد نے 3071 اور ن لیگ کے حفیظ الرحمن نے 2100 ووٹ حاصل کیے۔جبکہ جی بی 4 اسلامی تحریک پاکستان (آئی ٹی پی) کے محمد ایوب نے 1943، پی پی پی کے امجد حسین نے 1655 اور پاکستان تحریک انصاف کے ذوالفقار علی نے 738 ووٹ حاصل کیے۔نتائج کا سلسلہ تاحال موصول ہورہا ہے، ابھی تک کی صورتحال کے حساب پی ٹی آئی کے امیدوار آگے نظر آرہے ہیں۔

Related Posts