اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ثالث کی حیثیت سے ایران جنگ کے خاتمے کا سبب بننے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یادداشت پر دستخط کے بعد وزیراعظم ہاؤس نے اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بطور ثالث یادداشت پر دستخط کیے، جبکہ اس یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ایرانی ہم منصب مسعود پزیشکیان کے دستخط موجود ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانویل میکرون کے ہمراہ عشائیے کے موقعے پر ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے نتیجے میں ایران جنگ بند ہوئی، ناکہ بندی اختتام کو پہنچی اور آبنائے ہرمز پر بندشوں کا خاتمہ ممکن بنالیا گیا۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے صدر مسعود پزیشکیان کی تصاویر بھی جاری کردیں جن میں انہیں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ ایران امریکا ثالثی کے معاملے میں برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا اور ملائشیا سمیت متعدد ممالک نے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








