افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہو گا،شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ سارے خطے کےلیے اہمیت کا حامل ہے، وزیر خارجہ
مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ سارے خطے کےلیے اہمیت کا حامل ہے، وزیر خارجہ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: پاکستان اور اٹلی نے پارلیمانی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان قیادت کی جانب سے جنگ کے خاتمے، عام معافی افغانوں کے حقوق کے تحفظ اور افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہ کرنے کے حوالے سے سامنے آنے والے بیانات حوصلہ افزاء ہیں۔

پاکستان، افغان شہریوں کی جان و مال اور حقوق کے تحفظ کے ساتھ افغانستان میں اجتماعیت کی حامل حکومت کا متمنی ہے، افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہو گا۔

یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سطح پر پاکستان اور اٹلی کے درمیان مربوط اشتراک، مستحکم تعلقات کا مظہر ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں امن کی بحالی اور انسانی بنیادوں پر افغانوں کی مالی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا انعقاد ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اطالوی وفد کی قیادت اٹلی کے وزیر خارجہ لیوگی دے مایو نے کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں آپ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے دوران اٹلی میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اطالوی ہم منصب کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جس طرح اٹلی نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پاکستان میں، محدود وسائل کے باوجود، سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے اس وبا پر قابو پانے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کافی مدد ملی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان،اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی سطح پر پاکستان اور اٹلی کے درمیان مربوط اشتراک، مستحکم تعلقات کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان اور اٹلی کے نقطہ نظر میں مماثلت حوصلہ افزا ہے۔ وزیر خارجہ نے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس اور فیٹف کے حوالے سے، اٹلی کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر اطالوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان یورپی یونین کے بہت سے ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سمیت کئی یورپی وزرائے خارجہ کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع مل چکا ہے۔

وزیر خارجہ نے اٹلی کی جی 20 کی صدارت سنبھالنے پر،اطالوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جی 20 کی طرف سے افغانستان کی صورتحال پر کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں: سرمایہ کاری کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، وزیر اعظم

انہوں نے کہاکہ پاکستان، ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے گذشتہ چار دہائیوں سے افغانستان میں جاری خانہ جنگی اور بدامنی کے مضمرات کا سامنا کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں اگست کے وسط میں رونما ہونے والی تبدیلیوں نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

Related Posts