سرمایہ کاری کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، وزیر اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سرمایہ کاری کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، وزیر اعظم
سرمایہ کاری کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کررہے ہیں، وزیر اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ایبٹ آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر زور دیتے ہوئے انہیں اس سلسلے میں حا ئل رکاوٹیں دُور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے آج نتھیا گلی میں ایک بین الاقوامی ہوٹل کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں مواقع کی کمی کی وجہ سے ہمارے ہونہار افراد بیرون ملک جا رہے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت اب انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے سہولیات اور مواقع فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میں قانون کی بالادستی کے لئے بھر پور جدوجہد کا آغاز کیا ہے جس سے ملک میں مزید سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔انہوں نے صنعتوں کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے پیمانے پر پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔

یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر قوم کے نام پیغام:

یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی فعال سفارت کاری کے باعث عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا ظلم نظر آیا۔ مظلوم کشمیریوں پر ظلم ستم بند ہونا چاہئے۔

یومِ دفاع کے موقعے پر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نسل پرست مودی حکومت اور بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب کرتا رہے گا۔ عالمی برادری قیامِ امن کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرچکی ہے۔ امن کیلئے ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ زندہ قومیں چیلنجز کا سامنا کرکے ہی مضبوط اور طاقتور بنتی ہیں۔ پاکستانی قوم بھی اپنے دفاع کیلئے کھڑی ہوئی جب 1965 کی جنگ میں دشمن نے مادرِ وطن کی سلامتی کو میلی آنکھ سے دیکھا۔ دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے روز بھارت نے پاکستان کے خلاف جب غیر اعلانیہ جنگ چھیڑی تو پوری قوم مادرِ وطن کا دفاع کرنے والوں کے حق میں کھڑی ہوئی اور بہت سے لوگوں نے خالی ہاتھوں کے ساتھ ہی سرحد کی طرف مارچ شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد کا یہ مظاہرہ پہلے سے پر عزم مسلح افواج کی جرات و بہادری کیلئے دشمن کے خلاف ڈھال بن گیا جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاک فوج کے سپاہیوں، افسران، پائلٹس اور بحری جہاز رانوں نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم مادرِ وطن کے چپے چپے کا دفاع کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک فوج نے دشمن کو بتا دیا کہ ہم وطن کے چپے چپے کا دفاع کرسکتے ہیں۔وزیراعظم

پاک فوج نے مادرِ وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری فوج بہادری سے دشمن کے خلاف لڑی اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے پاک سرزمین کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ جانوں کی قربانیاں دیں اور ملک کی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

Related Posts