پاسپورٹ مکمل بدلنے کی تیاری؟ حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

حکومت نے پاکستانی پاسپورٹ کو جعلسازی اور فورجری سے مزید محفوظ بنانے کے لیے اس میں جدید سکیورٹی فیچرز شامل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دنیا کی معروف بین الاقوامی پاسپورٹ سکیورٹی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستانی پاسپورٹ میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز شامل کرنے کی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ پاسپورٹ کو جعلسازی کے خلاف زیادہ محفوظ، قابل اعتماد اور عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران ایسے جدید سکیورٹی فیچرز پر غور کیا گیا جو نہ صرف پاسپورٹ کی جعلسازی کے امکانات کو کم کریں بلکہ اس کی عالمی سطح پر قبولیت، فوری تصدیق اور بین الاقوامی سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگی کو بھی بہتر بنائیں۔

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے جدید پاسپورٹ سکیورٹی ٹیکنالوجیز پر تفصیلی پریزنٹیشنز دیں اور دنیا کے اعلیٰ درجہ بندی والے پاسپورٹس میں استعمال ہونے والے سکیورٹی فیچرز سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران، تکنیکی ماہرین اور فرانزک ایکسپرٹس نے بھی شرکت کی، جنہوں نے پیش کی گئی تجاویز اور ٹیکنالوجیز کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ سکیورٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں مؤثر اشتراک عمل جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

Related Posts