اسلام آباد: بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جوابی عسکری کارروائیاں شدت اختیار کر چکی ہیں اور اب ان میں ایک جذباتی پہلو بھی شامل ہو گیا ہے۔
پاکستان نے اپنے جدید “الفتح” میزائلوں کی تازہ لہر کو اُن معصوم پاکستانی بچوں کے نام منسوب کر دیا ہے جو بھارت کی میزائل حملوں میں شہید ہوئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ان میزائلوں پر ایک بینر آویزاں تھا جس پر درج تھا،”ہوا بی بی عروہ زبیر، محمد بن زبیر، عویم زبیر، عمر موسیٰ اور ارتضیٰ کی جانب سے محبت کے ساتھ”یہ پیغام اُن معصوم جانوں کی یادگار ہے جو بھارت کی بلا اشتعال جارحیت میں بے دردی سے ختم کی گئیں۔
ایک فوجی ترجمان نے بیان دیتے ہوئے کہاکہ “پاکستان نے ان معصوم بچوں کی شہادت کو نہ بھلایا ہے، نہ بھولے گا۔ یہ محض جوابی کارروائی نہیں بلکہ ایک پیغام ہے غم اور آگ سے لکھا ہوا کہ ہمارے بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔”
الفتح میزائل پاکستان کا ایک جدید، ٹیکٹیکل اور درست نشانے پر مار کرنے والا ہتھیار ہے، جو آپریشن “بنیان المرصوص” کے تحت دشمن کے حساس اور عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
یہ جوابی مہم اب تک بھارت کے کئی اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنا چکی ہے، جن میں بیاس، اودھمپور، پٹھان کوٹ، اوڑی اور دیگر مقامات شامل ہیں۔ اب یہ مہم ایک نئی علامتی جہت اختیار کر چکی ہے جو عسکری جوابی کارروائی کو قومی سوگ اور مزاحمتی جذبے سے جوڑتی ہے۔
پاکستانی افواج اس وقت بھارت کے میزائل لانچنگ مراکز اور کمانڈ سینٹرز کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہیں۔ اس دوران معصوم شہریوں، خصوصاً بچوں کی شہادت نے عوامی بیانیے کو گہرائی بخشی ہے۔ ملک بھر میں جذباتی فضا ہے، اور عوام کی طرف سے فوجی کارروائیوں کے لیے مکمل حمایت سامنے آ رہی ہے۔
یہ پیغام پوری دنیا کے لیے بھی ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرحدوں کا دفاع کرے گا بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے خون کا حساب بھی لے گا چاہے وہ میدانِ جنگ ہو یا عالمی فورم۔