پاکستان کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے باعث بھارت نے شمالی اور مغربی علاقوں کے 16 ایئرپورٹس پر پروازیں معطل کر دی ہیں۔
جن ایئرپورٹس پر پروازیں متاثر ہوئی ہیں ان میں دھرم شالہ، جموں، سری نگر، لہہ، جودھ پور، بھُج اور امرتسر شامل ہیں۔
ایئر انڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ، اکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی بڑی ایئر لائنز نے سکیورٹی خدشات کے باعث سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ایئر انڈیا نے اپنی تازہ ہدایت میں اعلان کیا ہے کہ جموں، سری نگر، لہہ، جودھ پور، امرتسر، بھُج، جام نگر، چندی گڑھ اور راجکوٹ سے آنے جانے والی پروازیں 10 مئی کی صبح 5 بج کر 29 منٹ تک معطل رہیں گی۔
ایئر انڈیا نے مزید کہا کہ “ہم امرتسر، گوالیار، جموں، سری نگر اور ہنڈن کے لیے تمام متاثرہ پروازوں کے مسافروں کو مکمل ری فنڈ یا مفت ری شیڈولنگ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔”
بھارتی حکومت کی جانب سے حساس شمالی اور مغربی علاقوں کے ایئرپورٹس کی بندش کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد بھارتی فضائی حملوں کے بعد بڑھتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کرنا ہے۔
ایئر انڈیا ایکسپریس (جو ٹاٹا سنز کی کم لاگت والی ایئر لائن ہے) نے بھی مسافروں کو مطلع کیا ہے کہ امرتسر، جموں، سری نگر اور ہنڈن کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
انڈیگو روزانہ 16 سے 25 پروازیں، ایئر انڈیا تقریباً 25 پروازیں اور اسپائس جیٹ 20 سے 23 پروازیں ان ایئرپورٹس کے لیے چلاتی ہیں۔ صرف انڈیگو نے اب تک 165 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
اسپائس جیٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ دھرم شالہ، لہہ، جموں، سری نگر اور امرتسر کی پروازیں آئندہ اطلاع تک معطل رہیں گی۔