پاک فوج جمہوریت کی محافظ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاک فوج طویل عرصے بعدجمہوریت کی نگہداشت کرنے والے ادارہ کے طور پر ایک نئے کردار میں ابھری ہے کیونکہ اس سے قبل پاک فوج پر بار بار مارشل کے نفاذ کی وجہ سے اکثر لوگوں کے حقوق غصب کرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے تاہم اب اندرونی اور بیرونی امور میں شہریوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے قوم میں اتحاد اورملک کا تشخص بہتر کرنے میں مدد فراہم کررہی ہے۔

اس سمت میں پاک فوج کی تازہ ترین اور قابل ستائش کوشش یہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہندوستانی دشمنی کے بارے میں ایک ڈوزیئر تیارکیا جس میں کافی تفصیل سے یہ بتایا گیا ہے کہ بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں کس طرح شامل تھا۔

بھارت ایف اے ٹی ایف ، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی مخالفت کر رہا ہے اور دہشت گردی کو ہماری جغرافیائی حدود میں شامل کرنے اور اس کی پشت پناہی کررہا ہے اور افغانستان کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے اور متعدد دیگر اقدامات کے ذریعہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ایک پریس کانفرنس میں یہ ڈوزیئرپیش کیا تاہم ترجمان پاک فوج کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ صرف پہلی قسط ہے تاہم اس میں بھی ٹھوس شواہد شامل کئے گئے ہیں ،یہ ڈوزیئراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے پاس جمع کروا دیا گیا ہے اور دوسرے ممالک کو بھی بھیجا گیاہے۔

اگر ہندوستان اس پر ناراض ہے تو اس کا غصہ فطری ہے لیکن بھارت کا الزام سے انکار قابل قبول نہیںہے۔ حقیقت یہ ہے کہ حقائق افسانوں سے ہمیشہ مختلف ہوتے ہیں اور آسانی سے سمجھے جاسکتے ہیں۔ یہاں بھی ایسا ہی ہوا ہے۔

ڈوزیئرمیں شامل شواہد اتنے ٹھوس ہیں کہ اس سے اختلاف کرنا ناممکن ہوگا۔ یہ ایک بار پھر پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے کیونکہ پاکستان نے نریندر مودی کی سربراہی میں فاشسٹ ہندوستانی حکومت کاچہرہ بے نقاب کیا ہے ۔

بابری مسجد کے انہدام ، پلوامہ واقعہ ، جاسوس کل بھوشن جادیو کی دخل اندازی اور بلوچستان میں مداخلت چند مثالیں ہیں۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے دو جنگی طیارے گرائے جن میں سے ایک پاکستانی سرزمین میں گرا لیکن اس کے پائلٹ ابھی نندن کو بعد میں وزیر اعظم عمران خان نے خیر سگالی کے طور پر رہا کیا لیکن بھارتی منفی رد عمل جاری رہا۔پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہندوستان کی تردید کو چیلنج کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے انکار کو واضح طور پر مسترد کردیا۔

اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے اداروں سے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسلام آباد نے عالمی ادارہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے جس کی تفصیلات ڈوزیئرمیں فراہم کی گئی ہیں۔

ڈوزیئرمیں ہندوستانی ڈیزائن کے بارے میں حقائق نے دنیا کو یاد دلایا کہ اس سال کے شروع میں ٹی ٹی پی کے شکست خوردہ دھڑوں کو متحد کرنے کے بعد بھارت اب ٹی ٹی پی کا ایک کنسورشیم بنانے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ بلوچستان میں شورش پیدا کرسکے۔

پاکستان سے نفرت انگیز جرائم کی فہرست اتنی لمبی ہے کہ یہاں اسے کچھ الفاظ یا پیراگراف میں بیان کرناناممکن ہے۔

اس دستاویز میں کچھ افراد کی نشاندہی کی گئی جو دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ تھے ، جس میں ملک فریدون کو شامل کیا گیا تھا جو اے پی ایس حملے کی منصوبہ بندی میں شامل تھے، جو واقعہ کے بعد جشن منانے جلال آباد میں ہندوستانی قونصل خانے گئے۔ یہ صرف چند مثالیں ہیں کیونکہ ڈوزیئر کی تفصیلات پہلے ہی منظر عام پر آچکی ہیں ۔

پاک فوج اندرون و بیرون ملک درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات میں مصروف ہے اور آرمی چیف چین، ترکی اور دیگر دوست ممالک کی پاکستان کے حوالے سے رائے ہموار کرنے کیلئے متواتر دورے بھی کررہے ہیں۔

اس لئے اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ فوج سویلین انتظامیہ کی زبردست شراکت دار ہے جو نہ صرف ملک ادارے کی ساکھ بہتر بنارہی ہے بلکہ بھارتی دہشت گردی اور سرحدی محاذوں پر بھی خوش اسلوبی سے ملک کا دفاع کررہی ہے۔

Related Posts