گھر بنانے کے خواہشمندوں کے لیے بڑی خوشخبری، 25 سال بعد نئی ہاؤسنگ پالیسی منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی کابینہ نے تقریباً 25 سال بعد نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، جس کا مقصد ملک بھر میں سستی، مناسب اور پائیدار رہائش کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کی سابقہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں منظور کی گئی تھی، جبکہ اب وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے۔

حکومت کے مطابق نئی پالیسی کا بنیادی وژن ہر شہری کو مناسب، سستی اور پائیدار رہائش تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ رہائشی منصوبوں، بنیادی سہولیات اور معاون انفرااسٹرکچر کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے شعبے سے متعلق 9 اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے رہائشی شعبے میں اصلاحات، بہتر منصوبہ بندی اور پائیدار شہری ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے پالیسی دستاویز کی تیاری پر وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی کی تیاری کے دوران تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری وزارت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، کیونکہ پاکستان تقریباً ایک چوتھائی صدی سے جامع قومی ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا۔

وفاقی وزیر کے مطابق نئی پالیسی ملک میں رہائشی یونٹس کی کمی، شہری آبادی میں اضافے اور دیگر شہری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرے گی، جبکہ ملک بھر میں سستی اور پائیدار رہائشی ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔

Related Posts