جاتی ہوئی سردی کی پسندیدہ سوغات، گولیمار میں دستیاب مٹن یخنی سوپ

کچھ لوگ گرمی اور کچھ سردی سے بڑے خائف ہوتے ہیں۔ سردی سے بچنے کیلئے گرم لباس پہنے جاتے ہیں تاہم ہر موسم کا اپنا ہی لطف ہوتا ہے۔ سردیوں کےدوران مٹن یخنی سوپ سمیت متعدد ڈشز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہیں جن پر گرمیوں کے دوران توجہ نہیں دی جاسکتی۔

گولیمار میں دستیاب مٹن سوپ بھی ایک ایسی ہی سوغات ہے جو کراچی سمیت ملک بھر میں پسندیدہ سمجھا جاتا ہے۔ سردیوں کا آغاز ہوتے ہی شہریوں کا ہجوم یخنی کے اسٹالز کا رخ کر لیتا ہے۔لوگ یخنی کی چسکیاں لیتے ہوئے اپنے گھریلو مسائل اور ملک کی سیاست پر بھی گفتگو کرتے ہیں۔ 

تاہم نیا گولیمار میں چاند چکن کارن سوپ والوں کے ہاں مٹن سوپ بھی دستیاب ہے جسے شہری بہت شوق سے نہ صرف پیتے ہیں بلکہ اپنے گھروالوں کیلئے بھی پیک کروا کر لے جانا پسند کرتے ہیں۔ شام ہوتے ہی مٹن سوپ کا کاروبار عروج پر پہنچ جاتا ہے۔ 

زیادہ تر کراچی کے شہری مرغی کی یخنی سے واقف ہیں اور مٹن کا گوشت مہنگا ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں مٹن سوپ کی دستیابی کا کوئی تصور ہی نہیں، اسٹالز لگانا تو دور کی بات، مٹن سوپ خاص طور پر خریدنے کیلئے ہوٹلز کی بجائے کسی خاص ریستوران کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

چاند چکن کارن سوپ والے سادہ مرغی کا سوپ 50 روپے میں، انڈے کے ہمراہ 80 روپے میں، مٹن کا سوپ 150 روپے میں جبکہ انڈے کے ہمراہ مٹن سوپ 180 روپے فی کپ فروخت کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یخنی کے دام مناسب اور ذائقہ لاجواب ہے۔ 

شام کے وقت بڑی تعداد میں لڑکے بالے، پیشہ ور نوجوان اور ریٹائرڈ شہری یخنی پینے کیلئے جمع ہوجاتے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کراچی کی ایک پختہ روایت بنتی جارہی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ایک ہی علاقے میں متعدد جگہ یخنی کی دستیابی معمول کی بات بن گئی ہے۔

کیا آپ بھی جعلی خبروں سے پریشان ہیں؟ تو ڈاؤن لوڈ کریں ایم ایم نیوز کی اپلیکیشن اور جانبدار خبروں سے جان جھڑائیں
تبصرے: 0

آپ کا ای میل پتہ شائع نہیں کیا جائے گا۔ مطلوبہ فیلڈز * کے ساتھ نشان زد ہیں