ایم کیو ایم نے کراچی والوں کو گٹکے ماوے پر لگایا، مرتضیٰ وہاب

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست سے قبل کراچی ترقی کر رہا تھا، جبکہ بعد میں شہر میں نفرت، تشدد اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا گیا۔

گارڈن پمپنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ تفریق اور تعصب کی سیاست کرتی رہی۔ ان کے بقول، ماضی میں ایک کال پر پورا شہر بند ہو جاتا تھا، جبکہ آج کراچی میں امن کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔

میئر کراچی نے الزام عائد کیا کہ “کراچی والوں سے قلم چھین کر اسلحہ پکڑا دیا گیا اور نوجوانوں کو گٹکے اور ماوے کی طرف دھکیلا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی حکمرانی سے پہلے شہر میں میرٹ اور ترقی تھی، جبکہ آج بھی بعض عناصر کراچی کو تقسیم کرنے کی سیاست کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایک دوسرے کو “بھائی بھائی” کہتے تھے، وہ بھی آپس میں وفادار نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے کسی طالب علم کو سرکاری کالج یا یونیورسٹی میں خوف کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور کراچی کا مستقبل امن، تعلیم اور ترقی سے وابستہ ہونا چاہیے۔

Related Posts