کراچی کے علاقے نیو کراچی میں ڈکیتی کے دوران ہونے والی فائرنگ میں ایک ہی خاندان کے ماں، باپ اور ان کی 6 ماہ کی بچی شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بلال کالونی تھانے کی حدود میں سماما شاپنگ سینٹر کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکو مبینہ طور پر لوٹ مار کر رہے تھے۔ اسی دوران پولیس کی آمد پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کی زد میں میاں، بیوی اور ان کی کمسن بچی آگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت شہزادہ، سیما اور 6 ماہ کی قرۃ العین کے ناموں سے ہوئی۔ بعد ازاں تینوں زخمیوں کو مزید بہتر علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ ان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ڈاکوؤں نے فرار ہونے سے قبل مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی تین دکانوں سے بھی لوٹ مار کی اور مزاحمت یا پولیس کی آمد پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








