رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ،چین سے درآمد میں 35فیصد اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل)کے دوران پاکستان کی چین سے سالانہ درآمدات 35 فیصد اضافے سے 10.3ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کی پاکستان کو درآمدات گزشتہ سال کی اسی مدت کے 7.64 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

چین کے بعد جن ممالک سے پاکستان نے زیادہ درآمدات حاصل کی ان میں متحدہ عرب امارات، سنگاپور، امریکہ اور سعودی عرب شامل ہیں۔

چین کے بعد پاکستان نے 5.6 ارب ڈالر کی سب سے زیادہ مصنوعات متحدہ عرب امارات سے منگوائیں۔ حجم کے اعتبار سے تیسرا بڑا ملک سنگاپور رہا جس نے پاکستان کو 2.49 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات درآمد کیں۔

سنگاپور کی درآمدات میں 62 فیصد اضافہ ہوا،زیرجائزہ مدت کے دوران پاکستان نے امریکہ اور سعودی عرب سے بالترتیب 1.99 ارب ڈالر اور 1.92 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات منگوائیں۔

جولائی تا اپریل امریکہ سے درآمدات میں سالانہ 6 فیصد جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 62 فیصد اضافہ ہوا،دیگر ممالک کے مابین پاکستان نے جاپان سے 1.25 ارب ڈالر کی درآمدات حاصل کیں جس میں سالانہ 36 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

کویت سے درآمدات سالانہ 18 فیصد اضافے سے 1.07 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں، جنوبی کوریا اور قطر سے درآمدات کا حجم 1.06 ارب ڈالر اور 1.03 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔