برطانیہ کی معروف گلوکارہ لورا رائٹ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی قومی ترانہ گا کر پاکستانی شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔ گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پاکستانی ترانہ گانے کیلئے 6ماہ تک اردو سیکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ لورا رائٹ نے بغیر کسی ساز کے اپنی آواز میں ترانہ پیش کیا، جسے اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے پسند کیا، جبکہ ان کی پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی اور پاکستانی صارفین نے ان کے انداز کو سراہا۔
A stunning performance and a beautiful start to this Test series.@thelaurawright sings the national anthem of Pakistan a cappella. pic.twitter.com/zkTiRN60PU
— Test Match Special (@bbctms) August 19, 2026
تاہم لورا رائٹ کی اس پرفارمنس کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے قومی ترانہ محض بول یاد کرکے نہیں گایا بلکہ اس کی تیاری کے لیے باقاعدہ چھ ماہ تک اردو زبان کی کلاسز لیں۔ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ کسی ملک کا قومی ترانہ گانا ان کے لیے صرف ایک گانا پیش کرنے کے مترادف نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری اور اعزاز کی بات ہے۔
گلوکارہ لورا رائٹ نے کہا کہ میں الفاظ کے درست تلفظ، ادائیگی اور معنی کو سمجھنے پر خصوصی توجہ دیتی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قومی ترانہ ان کے لیے خاصا مشکل چیلنج تھا، اسی لیے دعوت قبول کرنے سے پہلے انہوں نے کافی غور کیا۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ 6 ماہ سے اردو پر کام کر رہی تھیں تاکہ ترانے کو درست انداز میں پیش کرسکیں۔
لورا رائٹ کے مطابق وہ صرف اس کے بول یاد نہیں کرنا چاہتی تھیں بلکہ ہر لفظ کا صحیح تلفظ اور ادائیگی بھی یقینی بنانا چاہتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ترانہ گانے کی دعوت ملنا ان کے لیے ہمیشہ بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے اور وہ اسے کبھی معمولی کام نہیں سمجھتیں۔
لیڈز میں پرفارمنس کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف انداز میں ردعمل دیا۔ بیشتر افراد نے لورا رائٹ کی آواز اور محنت کو سراہتے ہوئے ان کی پیشکش کو خوبصورت قرار دیا، اگرچہ بعض صارفین نے ترانے کی ادائیگی کے حوالے سے اپنی آرا بھی پیش کیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








