برازیل کے معروف فٹبال لیجنڈ اور ریئل میڈرڈ کے سابق اسٹار روبرٹو کارلوس کے بارے میں دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے تقریباً چار ہفتے قبل برازیل میں اسلام قبول کرلیا تھا۔
یہ دعویٰ ترکیہ کے ایک رکنِ پارلیمنٹ نے برازیل کی مسلم کمیونٹی کی ایک اہم شخصیت کے حوالے سے کیا تاہم روبرٹو کارلوس نے خود تاحال اپنے مبینہ قبولِ اسلام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ترکیہ کی حکمراں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ علی شاہین نے ساؤ پاؤلو میں برازیل کی مسلم کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے بعد بتائی۔
علی شاہین کے مطابق برازیل کی مسلم کمیونٹی کی نمایاں شخصیت اور نیشنل ایسوسی ایشن آف اسلامک جیورسٹس (ANAJI) کے نائب صدر و مذہبی مشیر شیخ جہاد حمادے نے انہیں بتایا کہ روبرٹو کارلوس کچھ عرصے سے ان کے رابطے میں تھے۔
شاہین کا کہنا تھا کہ کارلوس تقریباً چار ہفتے قبل شیخ جہاد حمادے سے ملے، ان کے سامنے کلمہ شہادت پڑھا اور اسلام قبول کرلیا بعد ازاں علی شاہین نے سوشل میڈیا پر بھی یہ دعویٰ شیئر کیا اور روبرٹو کارلوس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے امن، صحت اور خوشحالی کی دعا کی۔
53 سالہ روبرٹو کارلوس کو فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین لیفٹ بیکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ ریئل میڈرڈ کے ساتھ گزارا جبکہ 2007 میں ترکیہ کے فٹبال کلب فینرباہچے کا حصہ بن گئے تھے۔
نوٹ: روبرٹو کارلوس کی جانب سے اس خبر کی براہِ راست تصدیق سامنے نہیں آئی اس لیے ان کے اسلام قبول کرنے کی اطلاع فی الحال ایک دعوے کے طور پر ہی بیان کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








