کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے فیڈرز کی خرابیوں کے ازالے میں تاخیر کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سید امین الحق نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کے الیکٹرک کی کارکردگی پر شدید تنقید کی۔
ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں امین الحق نے کہا کہ کے الیکٹرک اووربلنگ کے ذریعے بھاری آمدنی حاصل کر رہی ہے لیکن کراچی میں بجلی کی پیداوار اور فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر سوالات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کمپنی کی کارکردگی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر سوال اٹھایا۔
پارلیمانی سیکریٹری عامر طلال خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات مرمتی کاموں کے باعث بجلی کی بندش میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیپرا کے قواعد کے مطابق رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ اگر اس حوالے سے خلاف ورزی سامنے آئی تو معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔
عامر طلال خان کے مطابق صنعتی فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے کراچی میں بجلی کی بندش سے متعلق معاملہ مزید غور اور جائزے کے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بھجوا دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








