جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جماعت اپنے احتجاجی پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹی اور اب مارچ ملتوی نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز دے رہی ہے تاہم جماعت اسلامی اس کا فوری خاتمہ چاہتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت اس مد میں ماہانہ تقریباً 150 ارب روپے وصول کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے شدید پریشان ہیں اور حکومت کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔ حافظ نعیم کے مطابق وزیراعظم نے مزید سات سے دس روز کی مہلت دینے کی درخواست کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ ملاقات کے دوران حکومت کے سامنے تمام مطالبات رکھے گئے اور واضح کیا گیا کہ پیٹرولیم لیوی کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس معاملے پر اپنا مؤقف پہلے ہی واضح کر چکی ہے اور مطالبات پورے نہ ہونے پر اسلام آباد مارچ کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








