قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا گریڈ 17 کا جعلی افسر گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

سیکریٹیریٹ
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 17 کے جعلی افسر کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے رہائشی عبدالواجد کو خود کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا ملازم ظاہر کرنے اور گریڈ 17 کے افسر کے طور پر جعلی شناخت ظاہر کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ جعلی افسر کی گرفتاری ڈی جی ایف آئی اے نے کی۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق عبدالواجد کے قبضے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ بھی برآمد ہوا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی کے جعلی دستخط کیے گئے ہیں جبکہ جعلساز عبدالواجد پر الزام ہے کہ اس نے بطور 17گریڈ آفیسر غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کررکھا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر جعلی افسر کا معاملہ سامنے آنے پر کارروائی کی۔ ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ عبدالواجد نامی ملزم کا قومی اسمبلی سے تقرری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، نہ ہی وہ قومی اسمبلی سے کسی بھی طرح کا کوئی تعلق رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی یا خود قومی اسمبلی کے نام پر جعلی سرکاری عہدہ حاصل کرنا اور جعلی دستاویزات کی تیاری آئین پاکستان کے تحت سنگین جرم ہے۔ حکام نے عوام سے ایسے جعلسازوں سے ہوشیار رہنے اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے سے کسی بھی دستاویز کی لازمی تصدیق کی ہدایت کی ہے۔

Related Posts