ایف بی آر کو شک کی بنیاد پر گرفتاری کے اختیارات دینے کا فیصلہ واپس

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :وفاقی حکومت نے ایف بی آر کو آمدنی چھپانے کے شک کی بنیاد پر سیاست دانوں، بیورو کریٹس، صحافیوں، صنعت کاروں اور تاجروں سمیت کسی بھی شخص کو صفائی کا موقع دیئے بغیر براہ راست گرفتاری کے اختیارات دینے کا فیصلہ مختلف حلقوں کے احتجاج پر واپس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مجوزہ ترامیم سے دستبردار ہونے کے لیے فنانس بل 2021 کے ذریعے ٹیکس قوانین میں تجویز کردہ تمام شقیں واپس لینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے ترمیمی فنانس بل کے مسودے سے فنانس بل کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈی ننس کی سیکشن 203 اے میں ترمیم تجویز کی گئی ہے اور سیکشن 203 بی سمیت دیگر تمام شقوں اور ذیلی شقوں کو ختم کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:راجہ پرویز اشرف نے ایف بی آر سے تاجروں کی گرفتاری کا اختیار واپس لینے کا مطالبہ کردیا

ذرائع نے بتایاکہ انکم ٹیکس آرڈی ننس میں تجویز کی جانے والی ان ترامیم کے خلاف تمام کاروباری طبقوں کے علاوہ سیاسی و غیر سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور ان اختیارات سے ملک کے کاروباری سرگرمیوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ تاجر تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں نے بھی حکومت سے فیڈرل بیورو آف ریونیو کو تاجروں کی گرفتاری کا اختیار دینے کی شق ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔