اسرائیلی کارروائیاں ناقابل قبول، غزہ میں بمباری بندکی جائے، شاہ محمود قریشی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

FM Qureshi demands immediate end to Israeli massacre

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد : پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، اس کی نوآبادیاتی پالیسیز، اور جاری جارحیت، محاصرے ،اجتماعی آبادی کو سزا دینے کی ظالمانہ روش کی بناء پر مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورت حال ناقابل برداشت دیتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بے کس اور اپنے دفاع سے محروم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ اور بلاامتیاز استعمال، عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اورکھلی خلاف ورزی ہے۔

حالیہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں،عالمی برادری فلسطینیوں کیخلاف طاقت کے غیرقانونی ، بے رحمانہ استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری رکوائے اور فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے،غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور رکوایا جائے۔

انسانیت کے خلاف جرائم پر اسرائیل کو جوابدہی سے راہ فرار اختیار نہ کرنے دی جائے،عالمی قوانین، جنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کے متعدد معاہدات کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو استثنیٰ نہیں ملنا چاہئے،امت مسلمہ کی اجتماعی نمائندہ آواز او آئی سی کو متحد ہوکر، فریب کاری پر مبنی اس تاثر کو مسترد کرنے کے لئے کام کرنا چاہیے،او آئی سی کا قیام مسئلہ فلسطین سے ہوا تھا، ضرورت کی اس گھڑی میں امت مسلمہ کو اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی اور ان کی حمایت کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔

اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فلسطین کیخلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا یہ اہم ہنگامی اجلاس بلایا ۔

انہوں نے کہاکہ میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس ہنگامی اجلاس کے انعقاد کیلئے ضروری انتظامات کو ممکن بنایا۔انہوں نے کہاکہ اس مجلس کا بروقت انعقاد اس ضمن میں نہایت ممدومعاون ثابت ہوگاکہ ہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص القدس الشریف اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ اور مضبوط لائحہ عمل طے کریں۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، اپنے دفاع سے محروم، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض فوج کی طاقت کے غیرقانونی، بلاامتیاز اور وحشیانہ استعمال، جبر، مطلق العنانی اور ناانصافی پر حیرت زدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کے خلاف بربریت اور منظم جرائم کی مذمت کے اظہار کے لئے الفاظ کا دامن ناکافی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، اس کی نوآبادیاتی پالیسیز، اور اس کی جاری جارحیت، محاصرے اور اجتماعی آبادی کو سزا دینے کی ظالمانہ روش کی بناء پر مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورت حال ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بے کس اور اپنے دفاع سے محروم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ اور بلاامتیاز استعمال، عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اورکھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام کو درپیش اس سنگین صورتحال پر میرے وزیراعظم عمران خان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے بات کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں بذات خود بھی برادرم ریاض المالکی سمیت کلیدی علاقائی ہم مناصب سے رابطے میں رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس افسردہ اور تاریک موقعے پر ہم فلسطین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں جو جرآت اور بہادری سے اپنے جائز حقوق کا دفاع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اور اپنی عرب اور اسلامی شناخت کو برقرار رکھنے کے لئے، برسرپیکار فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ غزہ پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں کی پاکستان شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں اور ان کی بڑی تعداد زخمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی اور اس میں عبادت کرنے والے بے گناہوں پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے اور عیدالفطر پر ہلاکتیں اور تباہی ایک نہ ختم ہونے والی بے حسی پر مبنی ظلم ہے۔

انہوں نے کہاکہ مذہبی مقامات کا تقدس اوراحترام عالمی قانون کا ایک مسلمہ اصول ہے اس ضمن میں پاکستان نے 1968-69 میں سلامتی کونسل میں غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی مدت کے دوران کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ 5 اگست 1969 کو مسجد اقصی میں آگ لگائے جانے کے واقعہ پر پاکستان کی پیش کردہ قراردادوں 252اور 267 کے علاوہ سیکورٹی کونسل نے(5ستمبر1969) قرارداد 271 بھی منظور کی تھی جس کا محرک بھی پاکستان تھا۔

مزید پڑھیں:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اسرائیلی حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی آباد کاری میں مسلسل توسیع اور فلسطینیوں کو ان کی جائیدادوں سے بے دخل کرنے پر بھی ہمیں شدید تشویش ہے۔

انہوں نے کہاکہ القدس الشریف کے پڑوس شیخ الجراح سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، منظم انداز میں آئینی و تاریخی حیثیت اور آبادیاتی تناسب میں تبدیلی، القدس الشریف کے عرب اسلامی اورمسیحی کلچر کو تبدیل کرنے کی تازہ ترین مثالیں ہیں، جو قطعی طورپر غیرقانونی، غیر اخلاقی اور ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں فلسطینی عوام اور ان کی املاک کے خلاف جاری جارحیت رکوانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے غیرقانونی ، بے رحمانہ استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری رکوائے اور فلسطینیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری فوری مداخلت کرتے ہوئے غزہ میں شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور غزہ میں جاری بمباری کو فی الفور روکا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر فی الفور عمل کرایاجائے، یہ نہ صرف فوری بلکہ نہایت ناگزیر امر ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانیت کے خلاف جرائم پر اسرائیل کو جوابدہی سے راہ فرار اختیار نہ کرنے دی جائے۔

Related Posts