بلاول اور شہباز نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کو عالمی سطح پر شرمناک قرار دے دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بلاول اور شہباز نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کو عالمی سطح پر شرمناک قرار دے دیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کو عالمی سطح پر شرمناک قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے ایوان میں سارجنٹ ایٹ آرمز کے حصار میں تقریر کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایوان میں سب کچھ وزیرِ اعظم عمران خان کے حکم پر ہوا۔

قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اراکین نے ایسے الفاظ استعمال کیے جو زبان پر لانا مشکل ہے۔ اگر ہماری تقریر امن سے سنی گئی تو ہم بھی قائدِ ایوان کی تقریر آرام سے سنیں گے۔

صدر ن لیگ شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان قومی اسمبلی میں آئے تو ہم سے بھی اچھے کی توقع نہ رکھیں۔ اسپیکر اسد قیصر اجلاس بلاتے ہیں اور خود اٹھ کر چلے جاتے ہیں۔ ان سے پوچھیں یہ سلسلہ کب تک چلے گا؟

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہلڑ بازی عالمی سطح پر شرمندگی کا باعث ہے۔ بجٹ پر بحث و تمحیص کیلئے قومی اسمبلی کا تیسرا سیشن بھی ضائع کردیا گیا۔ یہ سیلیکٹیڈ حکومت اور اسپیکر کیلئے شرم کا مقام ہے۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور گالی گلوچ پر کارروائی کرتے ہوئے 7 اراکینِ اسمبلی کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی جن میں سے 2 نے معافی مانگ لی۔

اسمبلی قواعد و ضوابط کے مطابق گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے آئندہ احکامات آنے تک 7 اراکین کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی جبکہ علی نواز اعوان اور علی گوہر نے معذرت کرلی۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر 7 اراکین کے داخلے پر پابندی عائد

Related Posts