فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 14 اگست کو تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور نئے انکم ٹیکس گوشواروں کے فارم کے اجرا کا اعلان کردیا، جبکہ مقررہ مدت میں ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی مراعات دینے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور نئے آسان انکم ٹیکس فارم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت دکان کے باہر ایف بی آر کی رجسٹریشن پلیٹ آویزاں کرنا لازمی ہوگا، تاہم مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے مالیت کی رجسٹریشن پلیٹ بطور گفٹ فراہم کی جائے گی جبکہ رجسٹریشن فیس بھی معاف ہوگی۔
بروقت ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے تاجروں کے لیے مزید گفٹس اور مراعات دینے کی اسکیم پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب 30 ستمبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں سے 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس کے ساتھ 25 ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے رواں سال انکم ٹیکس فارم کو مزید آسان اور مختصر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری افراد اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے الگ الگ فارم متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کا فارم مختصر ترین ہوگا۔
نئے انکم ٹیکس گوشواروں کے فارم 14 اگست کو لانچ کیے جائیں گے۔ گوشوارہ جمع کرانے کے بعد کسی غلطی یا تبدیلی کی صورت میں تاجروں کو 48 گھنٹے کے اندر تصحیح کا موقع بھی دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








