فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے کم عمر صارفین کے تحفظ سے متعلق مقدمات نمٹانے کے لیے تقریباً تمام امریکی ریاستوں کے ساتھ بڑا معاہدہ کرلیا ہے جس کے تحت کمپنی آئندہ 10 سال میں 18 ارب ڈالر تک کی رقم امریکی ریاستوں اور علاقوں کو ادا کرے گی جبکہ نوعمر صارفین کے لیے دونوں پلیٹ فارمز کے استعمال پر سخت پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔ ریاستوں کا الزام تھا کہ میٹا نے بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے لیے اپنی مصنوعات کو اس انداز میں ڈیزائن کیا۔
معاہدے کے تحت نوجوان فیس بک اور انسٹاگرام روزانہ زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے استعمال کرسکیں گے جبکہ والدین کی اجازت نہ ہونے کی صورت میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک رسائی بند رہے گی۔ اسکول کے اوقات، صبح 8 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک، زیادہ تر پش نوٹیفکیشنز بھی روک دئیے جائیں گے اور عمر کی پابندی والے مواد سے بچوں کو دور رکھنے کے اقدامات سخت کیے جائیں گے۔
اگر اسنیپ چیٹ، ٹک ٹاک اور یوٹیوب بھی اسی نوعیت کی شرائط اپناتے ہیں تو میٹا پابندیاں مزید سخت کرسکتی ہے تاہم کمپنی کو ذاتی نوعیت کی سفارشات اور ٹارگٹڈ اشتہارات ختم کرنے کا پابند نہیں کیا گیا جبکہ جسمانی شکل سے متعلق پریشان کن انسٹاگرام مواد بھی معاہدے میں شامل نہیں۔
میٹا نے کسی غلطی یا قانون شکنی کا اعتراف نہیں کیا۔ کمپنی 47 امریکی ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو، امریکن ساموا اور ناردرن ماریانا آئی لینڈز کو زیادہ سے زیادہ 16.7 ارب ڈالر ادا کرے گی۔
کیلیفورنیا کو تقریباً 2.2 ارب اور نیویارک کو 1.1 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے جبکہ ٹیکساس نے ایک ارب ڈالر سے زائد کا الگ تصفیہ کیا ہے۔ مزید 5 ارب ڈالر کی ادائیگی دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے اسی طرح کے حفاظتی اقدامات سے مشروط ہے۔
تصفیے میں کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل سے متعلق پرائیویسی دعووں کے حل کے لیے مزید 459 ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔ مرکزی معاہدے کی امریکی ڈسٹرکٹ جج یویون گونزالیز راجرز سے منظوری درکار ہے جنہوں نے اسے اچھا قدم قرار دیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے اور انہیں پلیٹ فارمز کا عادی بنانے کے الزام میں ہزاروں مقدمات اب بھی زیر سماعت ہیں۔ 29 ریاستوں نے میٹا پر بچوں کا ذاتی ڈیٹا والدین کی اجازت کے بغیر جمع کرنے اور جنریٹو اے آئی کی تربیت میں استعمال کرنے کا بھی الزام لگایا۔
نیو میکسیکو اور فلوریڈا بدھ کے تصفیے میں شامل نہیں ہوئے۔ نیو میکسیکو میں میٹا کو رواں ماہ 567 ملین ڈالر ادا کرنے اور نوجوانوں کے تحفظ کے اقدامات کا حکم دیا گیا تھا جبکہ مارچ میں بھی کمپنی پر 375 ملین ڈالر جرمانہ عائد ہوا تھا۔ فلوریڈا نے بھی مقدمہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








