بیرونی سازشوں کو سمجھنا ہوگا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بیرونی سازشی عناصر ایک مرتبہ پھر ملک میں مذہبی جذبات کو بھڑکانے میں مصروف عمل ہیں، یورپی ممالک فرانس اور سویڈن میں توہین رسالت ؐ اور قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات دن بدن بڑھتے جارہے ہیں، اس طرح کے واقعات مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی ناپاک کوشش ہے، آزادی اظہار رائے کی آڑ لے کر کسی کے مذہبی جذبات بھڑکانا کہاں کی انسانیت ہے، یہ سب کچھ ایک منظم سازش کے تحت کیا جارہا ہے۔

مسلمانوں کے نزدیک شانِ نبی اکرم ؐ اتنی بلند و برتر اور پاکیزہ ہے کہ اللہ کے فرشتے آپ ؐ پر درود و سلام بھیجتے ہیں اور یہی حکم تمام مسلمانوں کے لئے بھی ہے کہ وہ رسول برحق ؐ پر درود سلام بھیجیں، یہی نہیں بلکہ قرآن پاک میں اللہ رب العزت فرماتے ہیں کہ (اے مسلمانوں اپنے نبی ؐ سے آگے قدم نہ بڑھانا، ان کی آواز سے اپنی آواز بلند نہ کرنا اور اگر کسی نے ایسا کیا تو اس کے سارے نیک اعمال ختم کردیے جائیں گے)۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی اور قرآن پاک کی بے حرمتی جیسے واقعات پر صدائے احتجاج بلند کرنا ہر مسلمان کا بنیادی حق ہے، مگر کبھی کبھی یہی احتجاج شدت بھی اختیار کرلیتے ہیں اور سخت ردعمل سامنے آتا ہے۔ مگر افسوس کے عالمی طاقتیں اس ساری صورتحال پر اپنی آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں اور کسی کی جانب سے اس صورتحال پر اظہار مذمت بھی نہیں کیا گیا، منظم سازش کے تحت یہ سب کچھ کروایا جارہا ہے۔

یہ سب کچھ ابھی سے نہیں ہورہا ہے، مسلمانوں کی وحدت کو توڑنے اور انہیں احساس کمتری میں مبتلا کرنے کے لئے ہر دور میں سازشیں ہوتی رہی ہیں اور اسلام پسند قوتیں ان سازشوں کا ہمیشہ سے سامنا کرتی چلی آرہی ہیں، ہماری خوبصورت ثقافت کو تبدیل کرنے کے لئے کچھ نام نہاد این جی اوز اور بعض میڈیا کے اداروں کو بھی فنڈنگ کی گئی ہے، جو ہم جنس پرستوں کے حقوق، آزادی اظہار رائے، آزادی حقوق نسواں کے نام پر مغربی کلچرل کو فروغ دینے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کررہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی ان دنوں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں، لہٰذااس ساری صورتحال میں علمائے کرام کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے، علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں کامیاب نہ ہوسکے۔ ملک میں پاک فوج اور سیکورٹی اداروں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن و امان کی فضا قائم کی ہے، جو بیرونی عناصر کو ہضم نہیں ہورہی۔

Related Posts