شہر میں پانی کی قلت، ناصر شاہ نے تمام پمپنگ اسٹیشنوں سے بلا تعطل فراہمی کاحکم دیدیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Ensure uninterrupted water supply to city:Nasir Shah

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی:وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے تمام پمپنگ اسٹیشنوں سے بلا تعطل پانی کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو شہر کے لئے فراہم کردہ پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سندھ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکریٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو شہر کو فراہمی آب کے حوالے سے میگا اسکیموں اور عالمی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، سیکریٹری پلاننگ، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ودیگر افسران شریک ہوئے۔سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ میں بتایا کہ شہر کی پانی کی ضروریات اور بڑھتی آبادی کے پیش نظر سائنسی بنیادوں پر ایسا میکانزم تشکیل دیا جارہا ہے جس کے ذریعے تمام صنعتی و رہائشی علاقوں میں مستقل طور پر فراہمی آب اور سیوریج کی نکاسی کا بندوبست کیا جاسکے اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک سمیت تمام عالمی اداروں کے ساتھ کوتعاون جاری ہے۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کے اندر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیورج کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ رکھنے والے شہر کراچی کے عوام کے لئے سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاون میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے پانی پر سب سے پہلا حق یہاں کے رہائشی افراد کا بنتا ہے۔کسی بھی فرد یا گروہ کو شہر کے لئے فراہم کردہ پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:ڈوبتی معیشت کو بچانے کیلئے حکومت سے نجات ضروری ہے،بلاول بھٹو

ناصر حسین شاہ نے تمام پمپنگ اسٹیشنوں سے بلا تعطل پانی کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں سے پانی کی کمی کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان تمام علاقوں میں سپلائی معمول کے مطابق لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور پیپلز پارٹی سندھ کے حصے کا پانی حاصل کرنے کے لئے جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبے کی رفتار اور کارکردگی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کے ذریعے چلنے والے تمام پراجیکٹس کامیابی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کررہے ہیں اور غیر ملکی ماہرین اور پیشہ ورانہ کنسلٹنٹس کی قیمتی آرا سے بھی استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی رابطوں اور مشورہ سازی کے عمل پر زور دیا اور عزم ظاہر کیا کہ کراچی اور سندھ کی عوام کے لئے انتھک کاوشوں کا سلسہ مزید دراز اور تیز کیا جائے گا۔

Related Posts