امریکا میں چھٹیوں سے واپسی پر پٹرول بھروانے کے لیے رکنے والا ایک شادی شدہ جوڑا لمحوں میں لاکھوں ڈالر کا مالک بن گیا، جب انہوں نے اتفاقاً خریدی گئی لاٹری سے 5 لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا۔
ریاست مشی گن کے جینیسی کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے 64 سالہ شخص نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر واپس آ رہے تھے اور اسٹینڈِش کے ایک پٹرول اسٹیشن پر صرف ایندھن بھرانے کے لیے رکے تھے۔ ان کا لاٹری ٹکٹ خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ادائیگی کے لیے قطار میں کھڑے تھے تو ان سے آگے موجود ایک شخص نے کئی اسکریچ آف لاٹری ٹکٹ خریدے، جسے دیکھ کر انہوں نے بھی اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے دو، دو ٹکٹ خرید لیے۔
گھر پہنچ کر جب دونوں نے ٹکٹ اسکریچ کیے تو ایک ٹکٹ پر 5 لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا۔ خوش قسمت شخص کے مطابق پہلے تو انہیں یقین ہی نہیں آیا اور دونوں نے کئی بار ٹکٹ کو غور سے دیکھ کر تصدیق کی کہ واقعی وہ اتنی بڑی رقم جیت چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں مسلسل یہی لگتا رہا کہ شاید انہوں نے ٹکٹ کی ہدایات غلط سمجھی ہیں، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ ان کی قسمت واقعی کھل چکی ہے۔
یوں صرف پٹرول بھروانے کے لیے کیا گیا ایک مختصر سا اسٹاپ اس جوڑے کی زندگی کا یادگار ترین لمحہ بن گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








