کراچی میں نکاسئ آب کا نظام برساتی نالوں سے الگ کر دیں گے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں نکاسئ آب کا نظام برساتی نالوں سے الگ کرکے برساتی پانی کی نکاسی کو بہتر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نالوں کی صفائی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کراچی کے بڑے نالوں کے اطراف سڑکیں بنائیں گے، جبکہ نکاسی آب کا نظام برساتی نالوں سے علیحدہ کر کے برساتی پانی کی نکاس کو بہتر کیا جائے گا۔ گجر نالے پر محمود آباد نالے کے ڈیزائن کی طرح عمل کیا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی، مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، کمشنر کراچی، وائس چانسلر این ای ڈی، پرنسپل سیکریٹری، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری بلدیات اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محمودآباد نالے کے نیٹ ورک میں فائر اسٹیشن سے کورنگی، ٹیپو سلطان روڈ سے زہری ہائوس وایہ شاہراہ فیصل، نورانی چورنگی ڈرین وایہ شاہراہ فیصل، محمودآباد سے کورنگی شامل ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ محمودآباد نالے کے دونوں اطراف پر 15 فٹ کی جگہ چھوڑی جائینگی جس پر سڑک تعمیر ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گجر نالا کی لمبائی12.58کلومیٹر ہے۔نالے کے ساتھ 6985 گھر اور دیگر یونٹس بنے ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ محمود آباد نالے کا ڈیزائن ماڈل گجر نالا پر منطبق کیا جائے، ہر نالے کے دونوں اطراف پر ہم سڑک بنائیں گے تاکہ مزید تجاوزات نہ ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے برسات کے پانی کی نکاسی کو ایک بہترین نظام میں بنانا ہے، شہر کا نکاسئ آب کا نظام الگ بنا رہے ہیں، تاکہ برساتی نالوں پر سیوریج کا بوجھ نہ پڑے اور بارشوں کے دوران برسات کا پانی ان نالوں کے زریعہ نکالا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امید ظاہر کی کہ اسٹورم واٹر ڈرین اور سیوریج سسٹم الگ الگ بنانے سے شہر کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  بڑا جھٹکا، وزیرِ اعلیٰ سندھ کا تحریری استعفیٰ پارٹی کو ارسال

Related Posts