اسلام آباد میں کار پر بریانی فروخت کرنے والے محمد عمر کمال سے ملاقات

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد میں کار پر بریانی فروخت کرنے والے محمد عمر کمال سے ملاقات
اسلام آباد میں کار پر بریانی فروخت کرنے والے محمد عمر کمال سے ملاقات

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کار پر بریانی فروخت کرنے والے محمد عمر کمال نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دوستی کرنے والے لوگ کبھی پریشان نہیں ہوتے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں بریانی کی کار پر بنائی گئی چلتی پھرتی شاپ چلانے والے محمد عمر کمال نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق بہاولپور سے ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے بے پناہ دولت سے نوازا ہوا تھا، پھرآہستہ آہستہ میرے مالک، میرے دوست اللہ نے سب کچھ واپس لے لیا۔ شاید وہ مجھے کچھ اور عطا کرنا چاہتا تھا۔

اپنی داستانِ حیات سناتے ہوئے محمد عمر کمال نے کہا کہ میں 5 سال سے بے روزگار تھا۔ مجھے اللہ تعالیٰ نے کھانے پینے کا کام شروع کرنے کی راہ دکھائی۔ سب کچھ کھو جانے کے بعد میرے اور میری بیوی کے پاس کھانا پکانے کی صلاحیت تھی۔ بیوی نے حوصلہ دیا اور ہم نے بریانی بنا کر فروخت کرنا شروع کردی۔ بلیو ایریا مارکیٹ پر بے شمار دفاتر ہیں، اس لیے یہاں کاانتخاب کیا۔

گفتگو کے دوران محمد عمر کمال نے کہا کہ دفاتر کے ساتھ ساتھ بلیو ایریا میں کھانے پینے کی دکانیں بھی موجود ہیں۔ میں نے پہلے دن بریانی کے 25 باکس بنائے۔ بریانی کا ایک باکس 300روپے میں فروخت ہوتا ہے۔ لوگ گھر کی بنائی ہوئی بریانی پسند کرتے ہیں اور تقریباً 15 منٹ میں ساری بریانی ختم ہوجاتی ہے۔ میں نے پی ڈبلیو ڈی میں باربی کیو اور آئسکریم کا کام بھی شروع کیا ہے۔

محمد عمر کمال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بڑا غفور  و رحیم ہے۔ جب میں بریانی لے کر آتا ہوں، لوگ میرا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔ بریانی ہاتھوں ہاتھ بک جاتی ہے۔ وہ لوگ جو پریشان ہیں، انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اللہ کو دوست بنا لیں تو کبھی پریشان نہیں ہوں گے۔ آگے چل کر بریانی کے زیادہ باکسز بنا کر فروخت کرنا چاہتا ہوں۔ کاروبار بہت بہتر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگ گھر میں خالص اجزاء سے بریانی تیار کرتے ہیں اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ بریانی تیار کی جائے۔ قبل ازیں محمد عمر کمال کو نجی ٹی وی پر بھی کار پر بریانی بیچتے ہوئے دکھایا گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ گھر کی بنی ہوئی مزیدار بریانی کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دو چہروں والے بچے کی پیدائش، ڈاکٹرز نے صحت تسلی بخش قرار دے دی

Related Posts