بیت السلام،جدید تعلیم کے میدان میں ابھرتا ہوا اسلامی مدرسہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے جو کوئی نہیں چھین سکتا،چاہے وہ امیر ہو یا غریب،مرد ہو یا عورت تعلیم انسان کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے ،آج کے دور میں تعلیم کی ضرورت اور اہمیت بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ موجودہ دور میں  جدید علوم تو ضروری ہیں تواس کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی بھی اہمیت اپنی جگہ افادیت رکھتی ہے۔

تعلیم صرف تدریسِ عام ہی کا نام نہیں ہے،تعلیم ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے سے ایک فرد اور ایک قوم خود آگہی حاصل کرتی ہے، اور یہ عمل اس قوم کو تشکیل دینے والے افراد کے احساس و شعور کو نکھارنے کا ذریعہ ہوتا ہے۔

ایم ایم نیوز نے جامعہ بیت السلام کے مہتمم عادل زبیری کیساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا ،جس کا احوال پیش خدمت ہے۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام کا قیام کیسے عمل میں آیا؟
عادل زبیری : ہمارے بڑوں نے خواب دیکھا تھا کہ ایک ایسا ادارہ ہو جہاں دین اور دنیا کی معیاری تعلیم مفت فراہم کی جائے۔ جب ہم سنتے تھے تو ہمیں یقین نہیں ہوتا تھا لیکن گزشتہ 8 ،9 سال سے یہ ادارہ کامیابی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام میں کس سطح کی تعلیم دی جاتی ہے ؟
عادل زبیری : جامعہ بیت السلام میں صرف دینی تعلیم نہیں بلکہ عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے اورعصری تعلیم میں ہمارا اولیول کا شعبہ ہے، رمضان کے بعد او لیولز کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام میں کس بنیاد پر داخلہ ملتا ہے ؟
عادل زبیری : یہاں حفاظ بچوں کو ترجیح دی جاتی ہے اور جماعت پنجم تک پڑھنے والا بچہ 4 سال میں او لیول مکمل کرتا ہے۔یہاں سائنس میں او لیول کرانے کے بعد بچے عربی زبان کا ایک سال کا کورس کرتے ہیں اس کے بعد درس نظامی کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے ۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام میں تعلیم کے علاوہ بھی کوئی سہولیات دی جاتی ہیں؟
عادل زبیری : بیت السلام میں آنیوالے بچوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات اور کھانا بھی مہیا کیا جاتا ہے۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام میں کن شعبوں کوزیادہ ترجیح دی جاتی ہے؟
عادل زبیری : یہاں تعلیم حاصل کرنیوالے طلبہ کو سائنس، سماجیات اور اخلاقیات سمیت تمام شعبوں کی تعلیم دی جاتی ہے اور اس کے بعد جو بچہ جس موضوع پر آگے بڑھنا چاہتا ہے اس کی پسند کے مطابق اس کو تعلیم دی جاتی ہے۔کسی کو فلسفے کا شوق ہوتا ہے تو کوئی شاعری میں دلچسپی رکھتا ہے، کسی کو روبوٹک کا شوق ہوتا ہے تووہ روبوٹک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتا ہے۔

ایم ایم نیوز:کیا جامعہ بیت السلام طلبہ کیلئے عملی میدان میں بھی کوئی خدمات انجام دیتا ہے ؟
عادل زبیری : بیت السلام نے یہاں تعلیم و تربیت حاصل کرنیوالے طلبہ کیلئے ایک معاشی پروگرام بھی شروع کیا ہے اور سرمایہ فراہم کرکے کاروبار کا آغاز کرواکرنوجوانوں کو معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

ایم ایم نیوز:کیا جامعہ بیت السلام میں صرف پاکستان کے طلبہ آتے ہیں ؟
عادل زبیری : یہاں امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب سمیت دنیا بھر سے طلبہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔

ایم ایم نیوز:جامعہ بیت السلام کے اخراجات کیسے پورے کیے جاتے ہیں؟
عادل زبیری : جامعہ بیت السلام مخیر حضرات کے تعاون اور اساتذہ کی لگن کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہا ہے۔

ایم ایم نیوز: جامعہ بیت السلام میں او لیول کے بعد آگے کیا منصوبہ ہے؟
عادل زبیری : جامعہ بیت السلام نے اساتذہ کی لگن اور طلبہ کی محنت کی وجہ سے بہت کم وقت میں اپنا وجود منوایا ہے اور ہم جلد اے لیول بھی شروع کررہے ہیں۔

ایم ایم نیوز:جامعہ بیت السلام کی کامیابی سے متعلق جاننے کا شوق رکھنے والوں کو کیا پیغام دینگے؟
عادل زبیری : غریبوں کی تعلیم کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہےاور ہم سب کو خواب ضرور دیکھنے چاہئیں اور ان کی تعبیر کیلئے محنت بھی کرنی چاہیے کیونکہ جب آپ محنت کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ بھی اس کا صلہ دیتا ہے۔