ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز میدانِ جنگ بن گیا، دو گروپس میں شدید تصادم اور فائرنگ، متعدد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں دو گروپس کے درمیان شدید تصادم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جہاں جھگڑے کے دوران فائرنگ بھی ہوئی۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جن میں مرکز کے اندر شدید ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بہادر آباد مرکز میں یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے موجود کارکنان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں شدید جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ کارکنان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے جبکہ صورتحال کے دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے کمرے میں موجود بعض ذمہ داران کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی، جو ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ تصادم ایم کیو ایم پاکستان کے اندر موجود مختلف گروپس، بالخصوص مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی گروپس کے درمیان اختلافات کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے پارٹی کی جانب سے تاحال باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بہادر آباد مرکز پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی گئی۔

Related Posts