بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل آفیشل گُرندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی شکایت سامنے آنے پر جاپان سے بھارت واپس بھیج دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ناگویا میں قیام کے دوران ان پر ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آئے۔ ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے شکایت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنگھا کو دو روز قبل واپس بھارت بھیجا گیا۔
عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی اور الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق سنگھا کے خلاف 2025 میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے شکایت درج کروائی تھی تاہم اس وقت تحقیقات کرنے والی تین رکنی کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








