سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں پی ایم ڈی سی کو ایم ڈی کیٹ مراکز کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں ہر سینٹر کے امیدواروں کی تعداد، حاصل کردہ نمبرز، کامیابی کی شرح اور نمایاں اسکورز کا تقابلی تجزیہ شامل ہے۔
مراسلے میں امتحانی مراکز کے نتائج میں غیر معمولی فرق کی بھی جانچ کا کہا گیا ہے جبکہ حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور رزلٹ ڈیٹا کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے انویجیلیشن انتظامات اور دستیاب ڈیجیٹل ریکارڈ کی جانچ کے ساتھ مبینہ نقل، غیر مجاز معاونت، کسی دوسرے شخص کے ذریعے امتحان دینے اور پیپر لیک سمیت دیگر الزامات کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کو امتحانی طریقہ کار کی ممکنہ خلاف ورزی، تکنیکی خرابی یا انتظامی غفلت کا بھی جائزہ لینے اور امتحان کے انعقاد و نتائج کی تیاری سے متعلق ریکارڈ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اگر کسی بے ضابطگی یا بدعنوانی کے نتیجے میں نتائج متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ پی ایم ڈی سی کو تحقیقات مکمل کرکے 15 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








