کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا کراچی میں کاروبار اور دفاتر 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے۔
رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو اس قسم کے شاہی فرمان جاری کرنے سے پہلے مسائل کا اچھی طرح سے ادراک کرنا چاہیے۔ سندھ حکومت کے نامناسب فیصلوں کی وجہ سے عوام سڑکوں پر رُل رہے ہیں۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہر میں کاروباری سرگرمیاں یا پھر دفاتر کے اوقات تبدیل کرے، شہر میں مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس منصوبہ بندی کیلئے اہل وزراء موجود نہیں ہیں، کرونا کیسز میں اضافے کیلئے احتیاط سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مگر سندھ حکومت کے عجب فیصلوں سے شہریوں کو مشکلات میں نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : افغان باشندوں سے پاکستانی شناختی کارڈز کی برآمدگی کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، نادرا