اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ گوادر کا نارتھ فری زون پہلے زون سے 35 گنا زیادہ بڑا ہے، چینی سرمایہ کاروں نے ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ گوادر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں نے وزیراعظم سے ویڈیو لنک سے بات کی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کیلئے وزیراعظم کی ہدایات پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، بلوچستان کیلئے بارہ سو ارب روپے کے منصوبے ہیں، صوبے میں اس پیمانے پر ترقیاتی کام پہلے نہیں ہوئے۔
اسد عمر نے کہا کہ اس سال ترقیاتی منصوبے کے تحت 53 منصوبے شروع کیے جائیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان میں ریکارڈ ترقی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو بلوچستان حکومت کی شراکت سے چلایا جارہا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ” بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے، بلوچستان میں بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا گیا ہے، اب قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائے گا۔”
فواد چودھری نے کہا کہ ” بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی جبکہ صوبائی حکومت نے رواں برس کے لئے 180 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کئے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں: میرپورخاص بورڈ کے امتحانات میں درجنوں امیدوار دوسرے کی جگہ امتحان دیتے پکڑے گئے