کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے جعلی پولیس اہلکار پکڑا گیا جس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سے غیر قانونی طور پر پولیس یونیفارم میں ملبوس جعلی پولیس اہلکار کو حراست میں لیا گیا ہے جس پر شہریوں سے لوٹ مار کا الزام ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کے مطابق ملزم پولیس یونیفارم اور اسلحے کا استعمال کرکے شہریوں کو واردات کا نشانہ بناتا تھا۔ ایس ایچ او اقبال مارکیٹ نے ملزم نجیب کی گرفتاری یقینی بنائی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ تھانہ نے ڈبہ موڑ کے قریب کارروائی کرکے ملزم نجیب کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے پولیس یونیفارم، کیپس، بیجز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے بغیر نمبر پلیٹ کے 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف 2 مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پولیس کی وردیاں پہن کر اور خود کو کسی خفیہ ادارے کا افسر ظاہر کرکے شہریوں سے لوٹ مار جاری ہے۔ قبل ازیں قومی احتساب بیورو کے حوالے سے بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو لاہورنے متعدد شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈی جی نیب کو جوہر ٹاؤن سے حراست میں لے لیا۔
ملزم میاں محمد فیاض مبینہ طور پر ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے مختلف سرکاری افسران و عہدیداران کو من پسند کام نکلوانے کیلئے ناجائز دباؤ ڈالتا رہا۔ ملزم غیر قانونی طور پر ڈپٹی کمشنرز پر بھی دباؤ ڈالتا رہا۔
مزید پڑھیں: نیب لاہور کی اہم کارروائی،جعلی ڈی جی نیب سکھرگرفتار