اسلام آباد:ضلع چکوال کی تحصیل تلہ گنگ میں کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران تلہ گنگ کے نوجوانوں نے دیہاڑی دار طبقے اور مستحق افراد کو راشن کی تقسیم کا کام شروع کیا جو تاحال جاری ہے۔
الفلاح دستر خوان کی وساطت سے پورے سال مسافروں غریبوں اور مستحق کو کھانا کھلایا جاتا ہے اور راشن بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ جس سے کثیر تعداد میں مستحق افراد استفادہ حاصل کرتے ہیں۔
الفلاح ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سربراہ محمد کاشف اور عرفان صادق نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران بہت بے روزگاری تھی اور مزدور طبقہ کو مزدوری ملنا مشکل تھا،ان لوگوں کے گھروں میں فاقہ تھے،راشن ختم ہو چکا تھا،تو ہم نے سوچا کہ خلق خدا کے لئے راشن کا بندوبست کیا جائے۔
چند دوستوں نے اپنے پیسوں سے راشن خریدا اور مستحق لوگوں کو تقسیم کرنا شروع کیا،اور پھر دستر خوان پر بھوکے غریب مسافروں کو کھانا پیش کیا جانے لگا، اب تقریباً ایک سال سے یہ سلسلہ جاری ہے۔
پہلے ہمارا ایک دسترخوان تھا،اب الحمداللہ دو دسترخوان ہیں، جن میں تقریباً 300 سے زائد افراد افطاری کرتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں اورادھر سے ہر ماہ راشن بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے،پہلے روزے سے لے کر چاند رات تک افطاری کرائی جاتی ہے، عام دنوں میں دوپہر اور شام کا کھانا دیا جاتا ہے یہ نیک کام کرنے سے اللہ تعالیٰ نے ہمارے رزق مال میں سو گنا اضافہ کردیا ہے۔
ہم نے کسی سے کبھی چندہ نہیں مانگا نہ ہی کسی کے پاس چندہ مانگنے گئے ہیں،اس کام میں دن دگنی اور رات چوگنی ترقی ہو رہی ہے اور ہمارا ارادہ ہے کہ اس سلسلے میں جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے علاقے میں اپنے مال میں سے غریبوں کا حصہ نکالیں، اللہ سے تجارت کریں بھوکوں کو کھانا کھلائیں تاکہ کوئی بھی غریب بھوکا نہ سوئے۔