اسلام آباد:وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پہلی سے 8ویں جماعت تک اسکولز عید تک بند رکھنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ آج صحت اور تعلیم کے وزراء کا خصوصی اجلاس ہوا جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ نویں سے 12ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا کہ نویں سے 12ویں کے امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے قبل شروع نہیں ہوں گے۔ وزرائے تعلیم و صحت کے خصوصی اجلاس میں تمام صوبوں، جی بی اور آزاد کشمیر کے وزراء شریک ہوئے۔
وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس کے دوران بورڈ امتحان کی تیاری کیلئے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کے تحت او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحان میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے داخلے امتحانات کے ٹائم ٹیبل کے مطابق ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔ یہ امتحانات نہ تو کینسل ہوں گے، نہ ہی ان میں تاخیر کی جائے گی۔ اکتوبر، نومبر میں امتحان دینے کے خواہشمند اسی فیس کے ساتھ حصہ لے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر سے وفد کی ملاقات،ہفتے میں 2دن اسکول کھولنے کی تجویز