اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست جلد سماعت کے لیے منظور کرلی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کل منگل کو صبح 10 بجے مقرر کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے اور نااہلی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں پارلیمانی سیکرٹریز فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوذب نے درخواست دائر کی تھی۔ تحریک انصاف نے علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل کو بنیاد بناتے ہوئے نااہلی کی درخواست دائر کی گئی۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی انکشافات سے بھرپور ویڈیو سامنے آئی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ کار بتا رہے ہیں، مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ ٹکٹ کا وعدہ کیا جو لالچ دینا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ دو مارچ کو ویڈیو آئی آج سات روز ہوچکے ہیں، یوسف رضا ووٹوں کی خریداری کرکے سینیٹر منتخب ہوئے، الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ یہ سب سے اہم معاملہ ہے۔ الیکشن کمیشن 11 مارچ کا انتظار نہ کرے فوری سماعت کرے۔