اسلام آباد: ٹکر مارنے والی پراڈو گاڑی کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان چلا رہا تھا ، حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان کا اسپتال سے بیان سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے جی الیون کے سگنل پر پیش آنے والے خوفناک حادثے میں زندہ بچ جانے والے زخمی نوجوان کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے، زخمی نوجوان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کشمالہ طارق سب جھوٹ بول رہی ہے گاڑی اس کا اپنا بیٹا ہی چلا رہا تھا۔
ویڈیو بیان میں نوجوان کا کہنا تھا کہ کشمالہ طارق نے حادثے کے حوالے سے میڈیا پر جتنی بھی باتیں کی ہیں ان میں کوئی سچائی نہیں ہے، آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم پانچوں دوست گاڑی میں سوار ٹیسٹ دینے کیلئے اسلام آباد جارہے تھے اور سری نگر ہائی وے والا سگنل بند تھا۔
زخمی نوجوان مجیب الرحمن کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ تیز رفتاری سے آنے والی پراڈو گاڑی نے ہماری گاڑی کو ٹکر ماری جس سے میں گاڑی سے باہر گر گیا تھا ، جب میں نے ٹکر مارنے والی گاڑی کی طرف دیکھا تو گاڑی ڈرائیور نہیں بلکہ کشمالہ طارق کا بیٹا خود چلا رہا تھا۔
زخمی مجیب الرحمان کا اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے ساتھ گاڑی میں میرے چار دوست موجود تھے جن کی کشمالہ طارق کے بیٹے کی لاپرواہی کی وجہ سے جان چلی گئی ہے، میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں انصاف ملنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گذشتہ رات سری نگر ہائی وے پر تیز رفتارگاڑی نے 6 افراد کوکچل دیا تھا، حادثے میں 4افرادجاں بحق اور 2زخمی ہوگئے جبکہ کارسوارفرار ہوگیا تھا، موقع پر موجود عینی شاہدین کا بھی آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ گاڑی کوئی ڈرائیور نہیں بلکہ ایک نوجوان چلا رہا تھا جو موقع سے فرار ہوگیا۔
بعد ازاں وفاقی محتسب کشمالہ طارق کا میڈیا پر حادثے کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ گاڑی میرا بیٹا نہیں بلکہ ہوٹل کے مالک کے بیٹے کا ڈرائیور چلا رہا تھا ۔ لیکن یہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ گاڑی ڈرائیور نہیں بلکہ میرا بیٹا چلا رہا تھا جس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد حادثہ، کشمالہ طارق نے شوہر اور بیٹے پر الزامات بے بنیاد قرار دے دئیے