وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینسر اور تھیلیسمیا کے مریضوں کیلئے بلڈ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ موذی امراض کے مریضوں کو خون مہیا کیا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 میں دکھی انسانیت کی خدمت اور تھیلیسیمیا اور کینسر کے مریضوں کیلئے ہلالِ احمر پاکستان کے زیرِ اہتمام بلڈ کلیکشن کیمپ لگایا گیا۔ ترکی کی طرف سے تحفے میں دی گئی جدید کلیکشن یونین وین میں تمام تر جدید ترین طبی سہولیات موجود ہیں۔
ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر تانیہ نے ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران کالجز، اسکولز اور یونیورسٹیاں بند ہونے کی وجہ سے بہت کم خون کے عطیات موصول ہوئے۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ تھیلیسیمیا اور کینسر کے مریضوں کو ہر صورت میں خون کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایم ایم نیوز سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر تانیہ نے کہا کہ ہم ہر ماہ 3 بلڈ کلیکشن کیمپ لگاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خون جمع ہو سکے اور تھیلیسیمیا اور کینسر کے مریضوں کو تازہ اور توانا خون مل سکے۔ ہمارے پاس مختلف ہسپتالوں سے خون کی ڈیمانڈ آتی ہے۔ہم اس کو بھی پورا کرتے ہیں۔
طریقۂ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر تانیہ نے کہا کہ بلڈ ڈونرز کا پہلے مکمل طور پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد ہم بلڈ جمع کرتے ہیں تاکہ مکمل طور پر چھان بین کے بعد مریض کو صحت مند اور توانا خون مہیا کیا جا سکے۔ ہمیں ترکی نے بلڈ کلیکشن یونٹ وین دی ہے جس میں حرکت پذیر (موو ایبل) بیڈ اور دیگر میڈیکل کی سہولیات موجود ہیں۔
اوقاتِ کار کے متعلق ڈاکٹر تانیہ نے کہا کہ ہم صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کیمپ لگا تے ہیں اور زیادہ سے زیادہ خون جمع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔میں عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ دکھی انسانیت کی بقاء کیلئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں۔ کیمپ میں موجود ہلال احمر کی ننھی ایمبسڈر لائبہ خان نے بھی ایم ایم نیوز سے بات چیت کی۔
بات چیت کے دوران لائبہ خان نے کہا کہ ہمیں دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود اور بقاء کے لئے خون کا عطیہ لازمی دینا چاہیے۔ خون کے عطیات دینے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ جاتی ہیں کیونکہ تھیلیسمیا اور کینسر کے مریضوں میں خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
ہلال احمر کیمپ کے انچارج افتخار کا کہنا تھا کہ لوگ خوشی سے خون دے رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ شہری خون کے عطیات دیں تاکہ جو مریض اس وقت ہسپتالوں میں خون کے منتظر ہیں، انہیں تازہ اور صحت مند خون ملے جس سے ان کی زندگی بچ جائے۔جس نے ایک انسان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ ہم خون کے عطیات کے حصول کے لیے ہلال احمر کے زیراہتمام کیمپ لگاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی میں ایس او پیز کے تحت تبلیغی اجتماع کی تیاریاں مکمل